جمعہ 31 جولائی 2026 - 15:41
بحرین کے مومنین اس سال اربعین حسینی میں شرکت سے محروم

حوزہ/ بحرین کی حکومت کی جانب سے عراق جانے والی پروازوں پر پابندی برقرار رہنے کے باعث ہزاروں بحرینی شہری اس سال زیارتِ اربعین سے محروم ہو گئے ہیں۔ اہلِ بیتؑ سے محبت رکھنے والے بحرینی عوام اس فیصلے کو اپنے مذہبی حق پر قدغن قرار دیتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کی حکومت کی جانب سے عراق جانے والی پروازوں پر پابندی برقرار رہنے کے باعث ہزاروں بحرینی شہری اس سال زیارتِ اربعین سے محروم ہو گئے ہیں۔ اہلِ بیتؑ سے محبت رکھنے والے بحرینی عوام اس فیصلے کو اپنے مذہبی حق پر قدغن قرار دیتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

بحرینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، حکومت نے تاحال عراق کے لیے پروازوں کی معطلی کا فیصلہ واپس نہیں لیا اور نہ ہی اس اقدام کے لیے کوئی قابلِ قبول قانونی یا سکیورٹی جواز پیش کیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد، جو ہر سال اربعین کے موقع پر کربلا کا رخ کرتے تھے، اس عظیم روحانی اجتماع میں شرکت سے محروم رہ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام کے لیے اربعین محض ایک سفر نہیں بلکہ حضرت امام حسینؑ سے تجدیدِ عہد، عقیدت اور روحانی وابستگی کا مظہر ہے۔ ہر سال بے شمار افراد اس سفر کے لیے مہینوں پہلے سے تیاری کرتے، اخراجات کے لیے رقم جمع کرتے اور کئی زائر پیدل کربلا پہنچنے کی نذر بھی مانتے ہیں، تاہم اس سال حکومتی پابندی نے ان تمام امیدوں کو ادھورا چھوڑ دیا۔

بحرین میں سوشل میڈیا پر ان دنوں ایسے جذباتی پیغامات کی بھرمار ہے جن میں لوگ کربلا نہ پہنچ سکنے کے غم کا اظہار کر رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے لکھا ہے کہ اگرچہ وہ جسمانی طور پر کربلا میں حاضر نہیں ہو سکتے، لیکن ان کے دل ہر قدم پر زائرین کے ساتھ ہیں اور وہ دور بیٹھ کر "لبیک یا حسینؑ" کی صدا میں شریک ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ محرومی کسی قدرتی آفت یا ناگزیر صورتحال کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سیاسی فیصلہ ہے، جس نے بحرین کے ہزاروں شہریوں کو ان کے اہم مذہبی حق سے محروم کر دیا ہے۔ اس فیصلے نے نہ صرف زائرین کی روحانی خواہشات کو متاثر کیا بلکہ ان کے دلوں میں گہرا دکھ بھی پیدا کیا ہے۔

ادھر بحرین میں مجالسِ عزا، عزاداری کے جلوس اور گھروں پر سیاہ پرچم حسبِ روایت جاری ہیں۔ بحرینی عوام کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومتی فیصلے انہیں کربلا جانے سے روک سکتے ہیں، لیکن امام حسینؑ سے ان کی محبت، عقیدت اور وابستگی کو کبھی کم نہیں کر سکتے۔ ان کے بقول کربلا ان کے دلوں میں ہمیشہ آباد رہے گی اور وہ ہر حال میں زائرین کے ساتھ روحانی طور پر شریک رہیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha